رمیش کیسر
راجوری // راجوری ضلع کے دو نوجوان افسران نے سول سروس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے پورے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کی جانب سے منگل کے روز سول سروس امتحان کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں راجوری کے جوہر نگر سے تعلق رکھنے والے وشال دیپ چندن اور نوشہرہ کے بریلی شہر سے تعلق رکھنے والے سردار ہر جوت سنگھ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔جیسے ہی دونوں نوجوانوں کی کامیابی کی خبر پھیلی، ان کے گھروں پر رشتہ داروں، دوستوں، محلہ داروں اور دیگر معزز شخصیات کا تانتا بندھ گیا۔ لوگوں نے گلپوشی اور مٹھائیوں کے ساتھ مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں نوجوان اس وقت جموں و کشمیر انتظامیہ میں بطور کے اے ایس افسران تعینات ہیں اور اب وہ ملک کی سب سے باوقار سروس یعنی انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے دونوں کامیاب امیدواروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور نوجوان نسل کے لئے انہیں ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔