عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں ریونیو اور جنگلات محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع میں زمین بینک کے لئے موزوں اراضی کی نشاندہی اور اس کی تخلیق پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران تحصیل وار بنیاد پر زمین کے ٹکڑوں کی نشاندہی کا تجزیہ کیا گیا۔ بات چیت میں سرکاری ملکیت والی اراضی کی باقاعدہ درجہ بندی، ترقیاتی یا دیگر مقاصد کے لئے موزونیت کی بنیاد پر تقسیم، اور اس کی نقشہ سازی پر زور دیا گیا۔ اس عمل کا مقصد ضلع میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی راہ ہموار کرنا ہے، جن میں معاوضہ جاتی شجرکاری بھی شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ نشاندہی شدہ زمین کو ترقی، شجرکاری یا دیگر سماجی و اقتصادی فلاحی منصوبوں کے مطابق درجہ بندی کریں۔ انہوں نے ان زمینوں کے ریکارڈ میں درستگی، شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔تمام تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی تحصیل میں موجود سرکاری اراضی کی ازسر نو جانچ کریں۔ محکمہ جنگلات کو ریونیو محکمہ کے ساتھ مل کر نشاندہی شدہ زمین کے نقشے تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عمل میں درستگی اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں ڈی ایف او پونچھ نوید اقبال، اے سی آر پونچھ محمد سعید اور تمام تحصیلداروں نے شرکت کی۔