عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// سونے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور یہ اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فیوچر مارکیٹ میں منگل کی صبح ایم سی ایکس پر سونے کی قیمت 1.76 فیصد بڑھ کر 98,991 روپے فی 10 گرام ہو گئی، جب کہ چاندی 0.62 فیصد بڑھ کر 95,840 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔ تین فیصد جی ایس ٹی شامل کرنے کے بعد سونے کی قیمت 1,01,960 روپے فی 10 گرام اور چاندی کی قیمت 98,715 روپے فی کلو ہے۔بھارت میں سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی ہے جس سے بھارت کے متوسط طبقے میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ موجودہ قیمت کے پیش نظر اب بھارت میں بہت سے لوگوں کے لیے اس قیمتی دھات کی خریداری میں بہت مشکل ہو گئی ہے۔ ہندوستانی گھریلو خواتین جو سونے کے تئیں لگاؤ اور بچت کے لیے جانی جاتی ہیں، انہیں 30 اپریل کو آ رہے ہندو اور جین تہوار اکشے ترتیہ کے موقعے پر سونے کی خریداری میں پریشانی ہو سکتی ہے۔سونے کے دام میں تازہ اْچھال ان خدشات کے درمیان ہوئی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کو برطرف کر سکتے ہیں، تبھی سے سرمایہ کاروں نے امریکی اسٹاک، بانڈز اور ڈالر سے نکاسی شروع کر دی ہے۔ پیر کو امریکہ کے تینوں انڈیکس ڈاؤ جونز، نیس ڈیک اور ایس اینڈ پی بری طرح گر گئے۔امریکی صدر نے اب امریکی فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاول کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مرکزی بینک کی آزادی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اس کی وجہ سے مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انڈیکس دو فیصد سے زیادہ گر گیا۔ یہی نہیں ڈالر انڈیکس میں بھی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں پالیسی ریٹ میں کمی نہ کرنے پر پاول پر شدید تنقید کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ‘اگر میں اسے باہر کرنا چاہتا تو وہ بہت جلد آؤٹ ہو جاتا، یقین کریں، میں ان سے خوش نہیں ہوں۔’ ٹرمپ نے پیر کو ایک بار پھر فیڈرل ریزرو چیف کو نشانہ بنایا اور اپنی پوسٹ میں پاول کے لیے لکھا کہ ‘مسٹر بہت دیر ہو گئی، ایک بڑا شکست خوردہ۔’اسی کے ساتھ ٹرمپ نے شرح سود میں فوری کمی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امریکی معیشت میں کساد بازاری میں پھسل سکتی ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ٹیرف اسکیموں کے مہنگائی پر اثرات کے واضح ہونے تک شرحوں کو بدلنے کے پاول کے موقف کی مذمت کی۔