عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ جموں کشمیر کو ریاستی درجہ دینے کیلئے مرکز میں موجود بی جے پی سرکار اپنے وعدے پر کار بند ہے اور مناسب وقت پر اس کو بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ’’ ون نیشن ون الیکشن ‘‘ ملک کیلئے ایک بڑی جیت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے حالات پچھلے سالوں کے مقابلے میں اب کافی پُر امن ہے۔سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے کہا ’’ ون نیشن ون الیکشن ‘‘ فارمولہ پر عمل درآمد ملک کیلئے جیت کی صورتحال ہوگا کیونکہ اس سے نہ صرف مختلف انتخابات کے انعقاد میں ہونے والے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ کافی وقت کی بچت ہوگی۔انہوں نے کہا ’’ہریانہ اور جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات (پچھلے سال) کے چند مہینوں کے اندر انتخابات ہوئے تھے۔ پھر مہاراشٹرا، جھارکھنڈ اور دہلی میں انتخابات ہوئے تھے۔ اس طرح ایک سال میں کم از کم پانچ اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں‘‘ ۔ٹھاکر نے میڈیا کو بتایا ’’اگر تمام انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں تو اس سے اخراجات میں کمی آئے گی، وقت کی بچت ہوگی اور ووٹنگ کے فیصد میں بھی اضافہ ہوگا‘‘۔ٹھاکر نے کہا’’حکومت بنانے میں بھی وقت لگتا ہے۔ اس لیے بہت وقت ضائع ہو جاتا ہے۔ اسی لیے ہم کہہ رہے ہیں کہ ایک ملک، ایک الیکشن’ ہونا چاہیے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس فارمولے پر 2029 میں عمل درآمد ہوتا ہے تو تمام انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں گے۔جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی نے اس کا وعدہ کیا ہے اور جموں کشمیر اس کو حاصل کرے گا۔جموں خطہ کی صورت حال کے بارے میں پوچھے جانے پر، جس میں ماضی قریب میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے، ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی کی دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا ’’ ملک بھر میں نکسل ازم اور دہشت گردی سے سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ کئی جگہوں پر نکسلیوں کو مارا اور گرفتار کیا جا رہا ہے، جب کہ کئی نکسلیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ اگر آپ کشمیر کے حالات کو دیکھیں تو پچھلے سالوں کے مقابلے میں اب کافی امن ہے‘‘۔ٹھاکر نے کہا’’اگر جموں کے کچھ حصوں میں (حملوں کی) کوششیں ہوئیں، تو ہماری سیکورٹی فورسز نے ان کے خلاف سخت کارروائی کی۔ دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بی جے پی کی دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی ہے‘‘۔ٹھاکر نے کہا ’’ تین طلاق پر پابندی لگانے سے ہماری مسلمان بہنوں کو فائدہ ہوا ہے۔ رام مندر کی تعمیر کے بعد کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوا، لیکن فائدہ ہوا ہے۔سی اے اے کے لاگو ہونے کے بعد کسی بھی مسلمان نے اپنی شہریت نہیں گنوائی۔ اپوزیشن جھوٹ بول رہی ہے جبکہ راہول گاندھی غیر ملکی ساحلوں پر بھی ہندوستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ ‘‘