عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام میں پیش آئے دلخراشملی ٹینٹ حملے کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ منگل کی شام خصوصی طیارے کے ذریعے سری نگر پہنچے۔ وہ ایئرپورٹ سے سیدھے راج بھون روانہ ہوئے ۔ذرائع کے مطابق، امت شاہ بدھ کے روز پہلگام کا دورہ کریں گے جہاں وہ حملے میں زخمی سیاحوں کی عیادت کریں گے اور واقعے کے مقام پر زمینی حقائق کا جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر فوجی افسران، وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام، جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی اداروں کے نمائندے بھی ہوں گے۔
راج بھون میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ڈی جی پی نالین پربھات، شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچیندر کمار اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہونگے۔ اجلاس کے دوران حملے کی تفصیلات، سیکورٹی میں ممکنہ کوتاہیاں، اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے سیکورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ اس حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کو فوری طور پر تلاش کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کشمیر میں امن قائم رکھنے کے اپنے عہد پر قائم ہے اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔
امت شاہ کی آمد کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سری نگر، اننت ناگ اور پہلگام سمیت مختلف اضلاع میں اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ فضائی نگرانی اور زمینی گشت میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بیسرن ویلی، جو پہلگام سے تقریباً 10 کلومیٹر دور واقع ایک معروف سیاحتی مقام ہے، میں منگل کے روز مشتبہ ملی ٹینٹوںنے فائرنگ کر کے دو درجن سے زائد سیاحوں کو جاں بحق کردیا ۔ اس واقعے کے بعد وادی میں خوف و ہراس کی فضا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ سری نگر وارد، کل پہلگام کا دورہ متوقع
