عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج دوپہر پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس کے لیے جلد سری نگر پہنچ رہے ہیں۔ امت شاہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے پر افسردہ ہیں۔انہوں نے کہا، میری ہمدردی جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو بخشا نہیں جائے گا، اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔
امت شاہ نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو واقعے کی تفصیلات فراہم کیں اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے متعلقہ حکام سے ملاقات کی۔ شاہ نے کہاکہ جلد سری نگر کے لیے روانہ ہو رہا ہوں تاکہ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ایک ہنگامی سیکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد کیا جا سکے۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، جو اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں، نے وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر پہلگام حملے کے بارے میں گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے امت شاہ کو تمام مناسب اقدامات کرنے اور جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔
پہلگام حملہ: سیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ ہنگامی اجلاس کیلئے وزیر داخلہ امت شاہ جلد سری نگر پہنچیں گے
