عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر رویندر رینا نے پہلگام میں پیش آئے ملی ٹینٹ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں رویندر رینا نے کہا، ’پاکستانی ملی ٹینٹوںنے نہتے سیاحوں کو نشانہ بنایا، جو انتہائی قابل مذمت اور انسانیت سوز فعل ہے۔‘انہوں نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیاحوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
رینا نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور جو ملی ٹینٹ اس حملے کے پیچھے ہیں، انہیں ان کے گناہوں کی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا، ’پاکستانی ملی ٹینٹ ایک بار پھر وادی کشمیر کو لہولہان کرنے کی سازش کر رہے ہیں، لیکن ہم ان کے ناپاک منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارے بہادر جوان ان کے ہر ارادے کو خاک میں ملا دیں گے۔‘
بی جے پی لیڈر نے زور دے کر کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ایجنسیاں پوری مستعدی سے کام کر رہی ہیں تاکہ ریاست میں امن و امان برقرار رہے اور معصوم جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
پاکستانی ملی ٹینٹ ایک بار پھر کشمیر کو لہولہان کرنے کی سازش کررہے ہیں،لیکن بخشا نہیں جائیگا: رویندر رینہ
