محمد تسکین
بانہال // رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شاہراہ کے کھلنے کی کوئی امید نظر نہ آنے کے بعد سینکڑوں مسافر اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے شاہراہ کے متاثرہ مقامات پر پیدل سفر کر رہے ہیں جبکہ سینکروں کی تعداد میں لوگ ریل کے زریعے وادی کشمیر سے ریلوے سٹیشن سنگلدان پہنچ رہے ہیں اور سنگلدان ۔ رام بن سڑک بند ہونے کیوجہ سے سینکڑوں مجبور مسافروں کو مہور۔ ریاسی کے راستے جموں کا سفر کرنا پڑ رہا ہے ۔اطلاعات ہیں کہ سنگلدان ریلوے سٹیشن سے مسافر گاڑی والوں نے لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر لوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سنگلدان ریلوے سٹیشن سے مسافر گاڑی والوں نے مجبور مسافروں سے اتوار کے روز سنگلدان ریلوے سٹیشن سے مہور ۔ ریاسی کے راستے جموں جانے کیلئے ایک ایک گاڑی کی بکنگ کیلئے پندرہ سے پچیس ہزار روپئے تک کی رقم مبینہ طور پر وصولی ہے اور منت سماجت کے بعد بھی مسافر گاڑی والوں نے مجبور مسافروں کو کوئی رعایت نہیں کی ۔ یہ تمام معاملہ جب ایس ڈی ایم گول امتیاز احمد کی نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ان شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کل شام ہی ریلوے سٹیشن سنگلدان کا دورہ کرکے اس بارے میں پوچھ تاچھ کی ہے اور اپنے ماتحت افسروں اور پولیس کو اس سلسلے میں کاروائی کرنے کیلئے کہا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کرایہ وصولنے میں ملوث کسی بھی گاڑی والے کو بخشا نہیں جائیگا اور باز نہ انے کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔