عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد قریب چار روز تک بند رہنے کے بعد سوموار کی بعد دوپہر کو کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ کو یکطرفہ آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا لیکن دو گھنٹے بعد اُسے دوبارہ بند کردیاگیا۔ حکام کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق این ایچ آئی ڈی سی ایل سے کلیئرنس ملنے کے بعد کشتواڑ اننت ناگ قومی شاہراہ بذریعہ سنتھن ٹاپ صبح 11:30 بجے سے شام 4بجے تک کشتواڑ سے کشمیر جانے والی چھوڑی گاڑیوں کے لیے یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھلا رہےگا جبکہ شام 4بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو پارنا چیک پوسٹ چنگام سے آگے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگرچہ دو گھنٹے تک شاہرہ کھلی رہی تاہم موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی اس پر آمدورفت کو دوبارہ بند کردیاگیا ۔گزشتہ کئی روز سے مسلسل ہورہی بارشوں و برفباری کے سبب شاہراہ کو آمدورفت کیلئے عارضی طور بند کردیاگیاتھا جسے سوموار کو دوبارہ کھول دیاگیا تاہم خراب موسم و دھند کے سبب اسے دوبارہ بند کردیاگیا ۔حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائےگی۔