عظمیٰ نیوز سروس
نیویارک //کتنے ہی بزرگ شہری کیک، تحائف اور معمولی خاندانی جشن کے ساتھ اپنی 70ویں سالگرہ کی تصویر بناتے ہیں تاہم امریکی خلائی ادارے ناسا کے سب سے عمر رسیدہ خلاباز ڈان پیٹٹ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر 7 ماہ پر محیط مشن مکمل کرنے کے بعد خلائی جہاز میں زمین پر پہنچنے والے 70 سالہ خلاباز بن گئے۔ امریکی اور دو روسی خلابازوں کو لانے والا سویوز کیپسول اتوار کے روز قازقستان پہنچا۔روس کی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے مطابق کل ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 20 منٹ پر سویوز ایم ایس-26 لینڈنگ کرافٹ الیکسی اوچینن، ایوان ویگنر اور ڈونلڈ (ڈان) پیٹیٹ کے ساتھ قازقستان کے قصبے زیزکازگان کے قریب اترا۔خلا میں 220 دن گزارنے کے بعد پیٹٹ اور ان کے عملے کے ساتھی اوچینن اور ویگنر نے 3520 مرتبہ زمین کا چکر لگایا اور اپنے مشن کے دوران 93.3 ملین میل کا سفر طے کیا۔یہ پیٹٹ کی چوتھی خلائی پرواز تھی، جنہوں نے اپنے 29 سالہ کیریئر کے دوران مدار میں 18 ماہ سے زیادہ وقت گزارا ہے۔یہ تینوں 3 گھنٹے قبل خلائی اسٹیشن سے روانگی کے بعد قازقستان کے جنوب مشرق میں ایک دور افتادہ علاقے میں اترے تھے۔لینڈنگ کی ناسا کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ چھوٹا کیپسول سورج طلوع ہونے کے ساتھ زمین پر اتر رہا ہے۔امدادی کارکن نے خلابازوں کو خلائی جہاز سے نکال کر ایک انفلیٹیبل طبی خیمے میں منتقل کیا تو انہوں نے انگوٹھے کے اشارے سے اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔