رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کی تحصیل قلعہ درہال کے دور افتادہ گاؤں اندر روٹھ کے عوام پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ گاؤں میں پانی کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے اور محکمہ جل شکتی کی جانب سے بنائے گئے ٹینکوں میں پانی موجود ہونے کے باوجود، محکمہ کے عارضی ملازمین لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپلائی فراہم نہیں کر رہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مہینے میں صرف ایک یا دو مرتبہ پانی کی فراہمی کی جاتی ہے جو کہ ناکافی ہے۔ ان کے مطابق ہفتے میں کم از کم دو بار سپلائی دی جائے تو وہ کسی حد تک گزارا کر سکتے ہیں، لیکن موجودہ صورتحال ان کے لئے شدید پریشانی کا سبب بن چکی ہے۔ درجنوں کنبے پانی کی قلت کے باعث متاثر ہو رہے ہیں۔اس معاملے پر جب محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکیوٹو انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ اندر روٹھ گاؤں میں پانی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم اگر عوام کی جانب سے کوئی شکایت ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں۔