سمت بھار گو
راجوری//جموں و کشمیر حکومت کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے اتوار کی شب گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کا اچانک معائنہ کیا۔ یہ معائنہ اْس وقت عمل میں آیا جب مقامی شہریوں نے وزیر موصوفہ سے ملاقات کر کے ہسپتال میں صحت خدمات کی ناقص صورتحال کی شکایت کی۔معائنے کے دوران وزیر صحت نے ہسپتال کی کارکردگی میں کئی خامیاں پائیں، جن میں جگہ کی شدید کمی اور بنیادی سہولیات کا فقدان شامل ہے۔ انہوں نے پایا کہ مریضوں کو جگہ کی کمی کی وجہ سے تین سے چار افراد کو ایک ہی بیڈ پر لیٹنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔معائنے کے دوران ہسپتال میں داخل مریضوں کے تیمارداروں اور مقامی شہریوں نے وزیر صحت سے براہ راست ملاقات کی اور بنیادی ادویات کی عدم دستیابی اور ناقص صحت خدمات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔وزیر صحت سکینہ ایتو نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال میں جگہ کی قلت کو دور کیا جائے اور مریضوں کو مناسب دیکھ بھال اور علاج فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔