محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی، جب کہ اتوار کی صبح رام بن سیکٹر میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک کے کئی حصے ڈھہ گئے۔حکام نے اب اندازہ لگایا ہے کہ شاہراہ کو مکمل طور پر بحال کرنے میں مزید 5 سے6 دن لگ سکتے ہیں، جو کہ کشمیر کے ملک کے باقی حصوں کے ساتھ بنیادی روڈ لنک کے طور پر کام کرتی ہے۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرشوتم کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر ایک درجن سے زیادہ جگہوں پر، خاص طور پر سیری اور ماروگ کے درمیان چار کلومیٹر کے راستے پر بڑے پیمانے پر کیچڑ کے جمع ہونے کی وجہ سے انہیں ایک چیلنجنگ صورتحال کا سامنا ہے،”کچھ جگہوں پر کیچڑ کی اونچائی 20 فٹ سے زیادہ ہے،”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی وے کو دوبارہ کھولنے میں پانچ سے چھ دن لگ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی سے تعلق رکھنے والی مشینری رام بن اور ماروگ کے درمیان مٹی اور ملبے کے نیچے دب گئی تھی اور بحالی کا کام دوبارہ شروع کرنے کیلئے نئے انتظامات کیے گئے ہیں۔