مشتاق الاسلام
پلوامہ//کاکہ پورہ پلوامہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا ۔ اطلاعات کے مطابق فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔ذرائع کے مطابق پیر کی شام ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ اندھیرے کے سبب علاقے میں جنریٹروں اور لائٹس نصب کی گئیں تاکہ تلاشی آپریشن جاری رکھا جا سکے۔فورسز نے علاقے میں گھر گھر تلاشی مہم شروع کی ہے جبکہ مقامی لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی تصادم کی کوئی اطلاع نہیں ملی تھی تاہم 4 گھنٹوں سے جاری تلاشی کاروائی سے علاقے میں صورتحال کشیدہ بنی ہوئی ہے۔