عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر، وی کے بدھوری نے پیر کو عوام سے اپیل کی کہ وہ وادی میں پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور غذائی اجناس کی دستیابی کو لے کر کسی بھی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں کیونکہ تمام ضروری اشیاء کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور صورت حال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وی کے بدھوری نے کہا، وادی میں غذائی اجناس کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی کا بھی ستّرہ دن کا اسٹاک دستیاب ہے، جو موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر کافی ہے۔
ایندھن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کشمیر میں یومیہ تقریباً 1,000 کلو لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، اور اس وقت 12,500 کلو لیٹر کا ذخیرہ موجود ہے، جو تقریباً 12 سے 13 دن کے لیے کافی ہے۔
اسی طرح، پیٹرول کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یومیہ استعمال 625 کلو لیٹر ہے اور وادی میں اس وقت تقریباً 10,000 کلو لیٹر پیٹرول موجود ہے۔
بدھوری نے کہا “عوام کو پیٹرول پمپس پر قطاریں لگانے یا گھبراہٹ کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ صورت حال معمول کے مطابق اور مکمل طور پر قابو میں ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
وادی میں اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ موجود ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں: صوبائی کمشنر کشمیر
