عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر جموں رامیش کمار نے پیر کے روز رام بن میں قومی شاہراہ (این ایچ 44) کے متاثرہ حصوں کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کے بعد بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
رام بن میں گزشتہ چند روز کے دوران شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔
صوبائی کمشنر رامیش کمار نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا:“ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تمام متعلقہ ایجنسیاں بشمول نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں بحالی میں مصروف ہیں۔ جلد ہی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ’رام بن اور گرد و نواح میں تباہی کی نوعیت تشویشناک ہے۔ کئی رہائشی ڈھانچے متاثر ہوئے ہیں، تاہم فوج اور این ڈی آر ایف کی مدد سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔‘
قومی شاہراہ پر بحالی کا کام جاری: صوبائی کمشنر جموں
