عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے پیر کے روز حکومت سے مطالبہ کیا کہ کٹرا-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کو فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ موجودہ موسمی بحران کے دوران عوام کو سہولت دی جا سکے۔ اس بحران کے باعث سرینگر-جموں شاہراہ جو وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی واحد زمینی راہ ہے بند ہو چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ شدید بارشوں، سیلابی ریلوں، طوفانی ہواؤں، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کے باعث خاص طور پر ضلع رام بن میں شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔انھوں نے کہا جموں سرینگر قومی شاہراہ کو بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے ،جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ، جن میں سیاح بھی شامل ہیں، راستے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر، سید محمد الطاف بخاری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وندے بھارت ایکسپریس کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ بلا تعطل رابطہ قائم رکھا جا سکے اور سیاحتی سرگرمیاں جاری رہیں۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل پر لکھا:’’ایسے وقت میں جب سرینگر-جموں شاہراہ موسمی آفات کے باعث بند ہے اور وادی کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، تو یہ انتہائی مناسب ہوگا کہ کٹرا-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا’’چونکہ یہ تیز رفتار ریل سروس علاقائی رابطے اور سیاحت کے فروغ کے لیے پہلے سے ہی تیار ہے، حکومت کو چاہیے کہ اسے فوراً شروع کرے تاکہ موجودہ سیاحتی سیزن، جو عروج پر ہے، کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکے۔‘‘
الطاف بخاری نے یہ بھی کہا’’اس خصوصی ٹرین سروس کے باضابطہ افتتاح کی تقریب بعد میں بھی منعقد کی جا سکتی ہے۔ خوش قسمتی سے، کٹرا-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس پہلے ہی شروع ہونے والی تھی، جس کا افتتاح معزز وزیر اعظم 19 اپریل کو کرنے والے تھے، مگر اسے ملتوی کر دیا گیا۔ لہٰذا اس وقت ٹرین سروس کا آغاز کرنا ایک مناسب قدم ہوگا تاکہ عوام کو اس بحرانی صورتحال میں سہارا دیا جا سکے۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ بند ہونے کے پیش نظرفوری طور پر ’وندے بھارت ایکسپریس ‘‘کا آغاز کیا جائے:الطاف بخاری
