فیاض بخاری
بارہمولہ// بمیاربارہمولہ کی رابطہ سڑک خستہ ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹروں، طلاب اور مسافروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں ۔ لورجہلم ہائیڈل پروجیکٹ نہر سے گذنے والی بمیار دیہات تک جانے والی سڑک کی حالت خراب ہے ، جو علاقے کے لوگوںکیلئے بے حد پریشانی کا باعث ہے۔ لوگوں کے مطابق یہ سڑک بارہمولہ اوڑی شاہراہ سے گائوں کو جوڑتی ہے اوراس کی حالت انتہائی خراب ہے، یہاں تک کہ اس سڑک پرپیدل چلنابھی مشکل ہے جس کی وجہ سے سو سے زیادہ کنبوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے ہم اس سڑک کی مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ اور دیگر ذمہ دارن کے دفاترکے چکر کاٹتے آئے ہیں،تاہم ہمیں یقین دہانی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔بارشوں کے دوران یہ سڑک تالاب کا منظر پیش کرہی ہے ۔ غلام محمد نامی شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ سڑک رابطہ گزشتہ کئی سالوں سے خستہ حالت میں ہے، تاہم متعلقہ محکمہ اس کی مرمت کرنے میں مکمل طور ناکام نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا بدقسمتی سے سرکار بھی شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے اور جموں و کشمیر پاورڈیولپمنٹ کارپوریشن نے گڑھے بھرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی ،جس کے نتیجے میں ہمارے علاقے کے باشندے اس کام کیلئے رقم جمع کرنے پر مجبور ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔ زچگی کے معاملات میں لوگوں کو بہت تکلیف ہوتی ہے،سڑک کی تنگی سے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ سڑک پر سفر کرنے والوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں اور اب ڈرائیو ر بھی اس سڑک پر چلنے سے گریز کررہے ہیں۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی مرمت کے اقدامات کئے جائیں، تاکہ انہیں درپیش مشکلات سے راحت مل سکیں ۔ اس سلسلے میں جے کے پی ڈی سی کے اسسٹننٹ ایگزیکٹو انجینئر شبیر احمد نے بتایا کہ آنے والے مہینوں کے دوران مذکور ہ سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا ۔