محمد تسکین
بانہال // رام بن اور بانہال سیکٹر میں 12گھنٹے تک جاری رہنے والی شدید بارشوں ، ژالہ باری ، تیز ہوائوں اور بادل پھٹنے سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گر آئی بھاری پسیوں اور سڑک کے نکل جانے کیوجہ سے شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ کم از کم 4 مقامات پر بھاری پسیوں کی وجہ سے اور2 مقامات پر سڑک ڈھہ جانے کیوجہ سے ناقابل آمدورفت بن گئی ہے، لہٰذا اسے بند کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قومی شاہراہ 6یا 7 مقامات پر بڑے پیمانے پر پسیوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے نقصان سے دوچار ہوئی ہے اور سڑک کی بحالی میں کم از کم تین روز کا وقت لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماروگ میں سڑک کا ایک بڑا حصہ نکل گیا ہے، پنتھیال کے مقام پر ٹنل نمبر چار اور پانچ کو جوڑنے والی سڑک مکمل طور پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے جبکہ سیری اور مہاڑ کے مقامات پر بھاری پسیاں شاہراہ پر گر آئی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں جبکہ درجنوں مسافر گاڑیاں ، ٹینکر اور ٹرک شاہراہ کے رام بن اور ماروگ کے درمیان ملبے کے نیچے دب گئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈی سی نے کہا کہ اتوار شام سے رام بن بانہال سیکٹر میں دوبارہ بارشوں کے بیچ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے لیکن سڑک کی بحالی فوری طور نہیں ہوسکتی۔