عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ موسمی ایڈوائزری میں جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر اگلے20گھنٹوں کے دوران تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔تاہم عہدیداروں نے عام لوگوں کو واٹر چینلز، کمزور ڈھانچوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں نیز کشتی رانی، شکارا ڈل جھیل میں سواری اور دیگر آبی ذخائر سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کئی
مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے اعتدال پسند بارش اورمختصر وقت کے لیے چند مقامات پر تیز بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی سہ پہر کے بعد سرینگر سمیت وادی کے بیشتر مقامات پر گہرے بادل چھا جانے کے بعد زوردار بارشیں ہوئیں اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہوئی ۔ سنیچر کی شب سے اتوار سہ پہر تک موسم ابر آلود رہا لیکن بارش نہیں ہوئی ۔لیکن اتوار کو کسی بھی مقام سے ژالہ باری ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ڈائریکٹر موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مغربی ہوائوں کا مرحلہ ختم ہوگیا ہے اور آئندہ 20گھنٹوں، یعنی پیر کی دوپہر تک بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کیساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے چند مقامات، سرینگر، کپوارہ اور بانڈی پورہ میں بکھرے مقامات پر ہلکی بارش خارج از امکان نہیں ہے۔انکا کہنا تھا کہ پیر کوموسم ابر آلود رہے گا، بیچ میں دھوپ بھی نکلے گی اور بکھرے مقامات پر ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔ادھرحکام نے اتوار کوبتایا کہ تلیل گریز کے بسگی کلشے علاقے میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل برف باری اور بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے سے ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ۔حکام نے بتایا کہ علی محمد خان ولد عبدالصمد خان کا گھر واقعہ کے وقت خالی تھا، اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔