عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بن کلبیر سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ ضلع میں موسمی قہرسامانیوں کے باعث اب تک تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 100 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات سے ضلع میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث رام بن میں صورتحال بگڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بادل پھٹنے اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔دو ہوٹل، دکانیں اور کچھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ قومی شاہراہ کئی مقامات پر بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ متواتر بارشوں کے باعث بگنا میں ایک مکان گرنے سے تین افراد، جن میں دو بچے شامل ہیں، جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور 100 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اور بحالی کا کام موسم بہتر ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
ادھر، ایکس پر ایک پوسٹ میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ رام بن علاقے اور اس کے گرد و نواح میں شدید ژالہ باری، کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور تیز ہوائیں چلیں۔
“قومی شاہراہ بند ہے اور بدقسمتی سے 3 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور چند خاندانوں کی جائیداد کو نقصان پہنچا ہےـ
جتیندر سنگھ نے کہا کہ وہ مسلسل ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چوہدری سے رابطے میں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ بروقت کارروائی پر داد کی مستحق ہے، جس سے کئی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی امداد، مالی اور دیگر، فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی سی کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر مزید کسی چیز کی ضرورت ہوئی تو وہ ایم پی کے ذاتی وسائل سے بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
جتیندر سنگھ نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ گھبرائیں نہیں۔ ہم سب مل کر اس قدرتی آفت پر قابو پائیں گے۔
دریں اثناء، ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے (رام بن)، راجہ عادل حمید گنائی نے بتایا کہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کے باعث شاہراہ پانچ مقامات پر بند ہے۔
میں بھی اس جگہ پر موجود ہوں جہاں نقصان ہوا ہے۔ جیسے ہی بارش رکے گی، بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
جب ان سے شاہراہ پر گاڑیوں کے نقصان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں، البتہ کچھ چھوٹی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔