جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں ڈرینج سسٹم کی خراب حالت کے باعث بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما نے انتظامیہ اور بی ڈی او مینڈھر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قصبہ کی حالت پر انتظامیہ کا کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا، اور تھوڑی سی بارش ہونے پر سڑکوں پر پانی جمع ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے دوکانداروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما نے بتایا کہ بارش کے دوران پانی سڑکوں پر آ جاتا ہے جس کے نتیجے میں دوکانوں میں پانی داخل ہو جاتا ہے، جس سے دکانداروں کا نقصان ہوتا ہے اور گاہکوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار انتظامیہ کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔بلرام شرما نے مزید کہا کہ بی ڈی او مینڈھر بس اڈہ کی بولی کے نام پر ستر لاکھ روپے جمع کرتے ہیں، لیکن ان پیسوں کا کوئی حساب نہیں لیا جاتا اور نہ ہی قصبہ کی ترقی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیسے سے نہ تو کوئی باتھ روم کمپلیکس بنایا گیا ہے اور نہ ہی لوگوں کے بیٹھنے کیلئے کوئی شیڈ فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں کی انتظار کے لئے آنے والے افراد اور سکول کے بچوں کو کئی گھنٹے بس اڈہ کے کنارے انتظار کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں سخت پریشانی ہوتی ہے۔دکانداروں کا کہنا تھا کہ صفائی کے عملے کی جانب سے سڑکوں پر صرف جھاڑو مارا جاتا ہے، جس سے نالیوں میں گندگی جمع ہو جاتی ہے اور نلیاں بند ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے پانی سڑکوں پر آ جاتا ہے اور دوکانوں میں داخل ہوتا ہے۔بیوپار منڈل نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر قصبہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو درست کیا جائے اور بس اڈہ پر جمع ہونے والی لاکھوں روپے کی رقم کا حساب لیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرے تاکہ دکانداروں اور عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔