حسین محتشم
پونچھ//ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع پونچھ کی ایک اہم میٹنگ جس کی صدارت یو ٹی جنرل سیکریٹری نجم الحسن جعفری اور ضلع صدر سید شاہنواز کاظمی نے کی میں اساتذہ کے مختلف مسائل پر گفت و شنید ہوئی۔اس دوران اساتذہ نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں سے مطالبہ کیا کہ ایجوکیشنل زون مینڈھر اور ننگالی میں ڈی ڈی او پاورکسی کے پاس نہیں ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ کے روز مر کے کام متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زون مینڈھر اور ننگالی دونوں زون کے زونل ایجوکیشن افیسر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں اور ابھی تک کسی کو پاور نہیں دئیے گئے جس کی وجہ سے اساتذہ تنخواہوں سے محروم ہیں اور انہیں اپنے گھریلو اخراجات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلع چیئرمین عارف راٹھور اور ضلع کے جنرل سیکریٹری جاوید خان ،زونل صدر سرنکوٹ سید محمد یوسف شاہ اور منکوٹ کے تحصیل صدر چوہدری محمد رفیق نے اس دوران مطالبہ کیا ہے کہ ان دونوں زون کے اساتذہ کی تنخواہیں واگزار کرنے کے لئے کسی کوڈی ڈی ائوپاور دیئے جائیں تاکہ ان اساتذہ کی تنخواہیں واگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا تمام تر دارومدار تنخواہوں پر ہی ہوتا ہے اگر انہیں تنخواہ وقت پر نہ ملے تو سارا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔