عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل کی صدارت میں ضلعی سطح کی روڈ سیفٹی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں روڈ سیفٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، چیف میڈیکل آفیسر، چیف ایجوکیشن آفیسر، ضلع انفارمیٹکس آفیسر این آئی سی،ایگزیکٹو انجینئرز پی ڈبلیو ڈی پونچھ، سرنکوٹ، مینڈھر،محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ آفیسران ،آئی ایس سی اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ڈی ایس پی، ٹریفک آفیسران، بی آر ائو حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں روڈ سیفٹی ایکشن پلان، روڈ سیفٹی ایکٹ، اور سڑکوں پر سائن بورڈز، ٹریفک سگنلز اور خطرناک مقامات پر کریش بیریئرز کی تنصیب جیسے بنیادی انفراسٹرکچر سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ڈی سی وِکاس کنڈل نے حادثات کے اعداد و شمار، اموات کی رپورٹس اور زیادہ حادثات والے علاقوں کی تفصیل طلب کرتے ہوئے ان کی گرِڈ میپنگ کی ہدایت دی۔ انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی اور عوامی و تعلیمی اداروں میں بھرپور بیداری مہم چلانے پر زور دیا۔ڈی سی نے پچھلے اجلاسوں میں دئیے گئے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور سائن بورڈز کی تنصیب، اسپیڈ ریڈار گنز کے استعمال اور زیادہ حادثات والے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے اے آر ٹی ائو کو ضلع میں چلنے والے ٹریکٹروں کی فہرست تیار کرنے اور غیر قانونی کان کنی یا ٹریکٹروں کے غلط استعمال کی صورت میں نوٹس جاری کرنے کی سخت ہدایت دی۔اجلاس کا اختتام پونچھ ضلع میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔