عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انسداد بدعنوانی بیورو(اے سی بی) سرینگر نے ایک شکایت (SLK-12/2017)کی قانونی کارروائی شروع کی ہے جو مسجد شریف، گگری بل بلیوارڈ کی انتظامیہ کمیٹی کی طرف سے درج کی گئی ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ افتخار صادق ولد رفیق صادق ساکن گگری بل کی طرف سے غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں، جن پر گگری بل میں تقریباً 12کنال اراضی پر کثیرمنزلہ ہوسٹل عمارتیں تعمیر کرنے کا الزام ہے۔اس سلسلے میں ایک مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا ہے جس میں لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (LAWDA)، ٹائون پلاننگ آرگنائزیشن اور کسٹوڈین محکمہ کے اہلکار شامل ہیں۔ یہ پتہ چلا کہ افتخار صادق نے 2011کے تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ ہوسٹل ڈھانچوں کی تعمیر کی اجازت حاصل کی جس میں فی ہوسٹل میں 50طلباء کے قیام کیلئے کم از کم 3 کنال زمین کی ضرورت ہے۔اس کیس میں متعدد اہلکاروں کی جانب سے سرکاری عہدوں کے غلط استعمال کو نمایاں کیا گیا ہے، جن میں LAWDA اور کسٹوڈین محکمہ کے اہلکاربھی شامل ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر ذاتی مالی فوائد کیلئے افتخار صادق کے ساتھ ہاتھ ملائے ہیں۔ان نتائج کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن اے سی بی سرینگر میں ایف آئی آر نمبر 08/2025درج کی گئی ہے اور مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔