عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو نے کولگام اور شوپیان اَضلاع کے متعدد علاقوں میں حالیہ ژالہ باری سے باغات اور زرعی زمینوں کو پہنچنے والے شدید نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ موسمی آفت ہزاروں کسانوں اور باغبانوں کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے جن کی روزی روٹی آنے والے فصل کے سیزن پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا’’ ہماری حکومت اس مشکل وقت میں کاشتکار کمیونٹی کے ساتھ پوری طور پر کھڑی ہے۔ یہ صرف پیداوار کا نقصان نہیں بلکہ مہینوں کی محنت اور اُمیدوں کا نقصان ہے‘‘۔سکینہ اِیتو نے کہا کہ متاثرہ اَضلاع کی اِنتظامیہ کو فوری طور پر نقصانات کا زمینی سطح پر جائزہ لینے اور متاثرہ کنبوں کو بروقت معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقامی نمائندوں اور کمیونٹی رہنمائوںکے ساتھ شفاف کوآرڈی نیشن کو ترجیح دیں تاکہ نقصانات کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور ضروری اِمداد متاثرین تک پہنچائی جا سکے۔سکینہ ایتو نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی جانب سے باغبانوں اور کسانوں کے حالات کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی)،آر کے وِی وائی،کے سی سی دیگر جیسی مختلف فائدہ مند سکیموں کو آسانی سے عملایا گیا ہے۔