یو این آئی
انقرہ//ترک صدر رجب طیب اردگان نے حرم شریف میں اسرائیلی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور اس کے ارد گرد کا کمپلیکس صرف مسلمانوں کا ہے اور اسے محفوظ رہنا چاہیے۔انہوں نے جمعہ کے روز استنبول میں تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’حرم الشریف، جس میں مسجد اقصیٰ اور قب الصخرہ شامل ہیں، ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے اور اپنے 144 ایکڑ کے علاقے کے ساتھ صرف مسلمانوں کی ملکیت ہے۔”انہوں نے کہا، “ہم کسی کو بھی اس کی حرمت اور اقدار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔اردگان نے اعلان کیا کہ مسجد اقصی ترکیہ کے لیے ایک سرخ لکیر ہے اور یہ ہمیشہ ایسی ہی رہے گی۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تمام اشتعال انگیزیوں، چھاپوں اور ان اقدامات کو روک دے جو اس مقدس مقام کی حرمت اور وحدت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا’’ترکی نے کبھی بھی اپنے خطے میں ظلم اور قانون شکنی کے سامنے خاموشی اختیار نہیں کی۔ ہم اب بھی خاموش نہیں رہیں گے‘‘۔انہوں نے فلسطینی حقوق اور اسلامی مقدس مقامات کے دفاع کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اسی دن اردگان نے غزہ پر اسرائیل کی جاری جنگ کی ایک اور مذمت کی اور مظالم پر عالمی خاموشی کو “اخلاقی زوال” قرار دیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا’’فلسطینی دعوے کا دفاع صرف مظلوم لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات نہیں ہے، یہ انسانیت، امن اور انصاف کا دفاع کرنے کی بات ہے‘‘۔