محمد تسکین
بانہال/ /کل یعنی 19اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں کٹراہ اور سرینگر کے درمیان وندے بھارت ریل سروس کا افتتاح نئی تاریخ تک کیلئے ملتوی کئے جانے سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے اور وہ وندے بھارت ریل کو جلد از جلد شروع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔نئی تاریخ کے آنے تک اس منسوخی سے وندے بھارت ریل کے منتظر لوگوں اور سیاحوں میں اس نئے اعلان سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ کشمیر اور جموں کے درمیان ریل سروس شروع کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔ کشمیر کی سیاحت پر آئے کئی غیر ریاستی سیاحوں نے من بنایا تھا کہ وہ سرینگر سے واپسی کا سفر وندے بھارت ریل سے ہی کرینگے لیکن اس پروگرام کو ملتوی کرنے سے وندے بھارت میں سفر کیلئے ان کا خواب اس بار پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح پربود شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے وندے بھارت ریل سروس کو انیس اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کرنے کے اعلان کے مطابق کشمیر کی سیاحت کا پلان بنایا تھا لیکن بانہال ریلوے سٹیشن پر انہیں معلوم ہوا کہ کٹراہ اور سرینگر کے درمیان یہ ریل سروس شروع کرنے کا پروگرام فی الحال ملتوی کیا گیا یے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرینگر میں چند روز گزارنے کے بعد اکیس اپریل کو وندے بھارت ریل سے سرینگر سے کٹراہ اور دہلی کا سفر کرنے کے متمنی تھے مگر اب یہ دوسری بار ہی ممکن ہو سکتا ہے ۔ سونالی سنہا نامی ایک خاتون سیاح نے بتایا کہ وہ بھی سرینگر سے واپسی کا سفر وندے بھارت ریل سے کرنے کے خواہشمند تھے مگر اس کی منسوخی نے ان کے سفری منصوبے کو چوپٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے بانہال ریلوے سٹیشن تک سڑک کا سفر ان کیلئے کٹھن رہا کیونکہ وہ رام بن کے علاقے میں دو گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنس گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو سڑک کی بہتر حالت کیلئے کوشش تیز کرنی چاہئے کیونکہ ہزاروں کی تعداد میں بیرونی ریاستوں سے سیاح کشمیر آرہے ہیں اور جموں سرینگر قومی شاہراہ کی کئی مقامات پر ابتر حالت سے سیاحوں اور مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس دوران وندے بھارت ریل سروس کو شروع کرنے کے پیش نظر باقی سیکورٹی فورسز کے علاوہ فوج کی طرف سے ریلوے سٹیشن بانہال ، ریلوے ٹریک اور اس کے آس پاس کی سیکورٹی میں اضافہ کیا ہے اور ریلوے ٹریک ، ریلوے سٹیشن اور دیگر جگہوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے ۔ فوج کی طرف سے اس تلاش کاروائی کیلئے میٹیل ڈیٹیکٹر اور کھوجی کتوں لی جارہی ہے تاکہ ریلوے کے سفر کو ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائے ۔