عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس کے مطابق، جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں ہفتہ کے روز سات مبینہ خطرناک مجرموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تیز دھار ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ مجرم ایک اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل میں گھوم رہے تھے جب انہیں اے آئی آئی ایم ایس وِجے پور کے قریب پولیس نے روکا اور گرفتار کر لیا۔
ترجمان نے گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت یعقوب علی عرف ’’یوکا، اسماعیل عرف ’’باچو‘‘ اور محمد اقبال (ساکنان سانبہ)، محمد سین، مراد علی اور محمد عرفان (ساکنان جموں) اور غزنفر (ساکن ڈوڈہ) کے طور پر کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تمام افراد ایک منظم گروہ کے رکن ہیں اور کسی ’’سنگین جرم‘‘کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، ملزمان کے خلاف سانبہ اور دیگر اضلاع کے مختلف تھانوں میں متعدد مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار تیز دھار ہتھیار اور SUV گاڑی بھی ضبط کر لی ہے۔
جموں کے ضلع سانبہ میں سات مبینہ خطرناک مجرم ہتھیاروں سمیت گرفتار: پولیس
