عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت ہی عوامی مسائل کا حقیقی حل فراہم کر سکتی ہے، اور اس مقصد کے لیے ریاستی درجے کی بحالی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی منتخب حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے اور مشکلات کے ازالے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہفتے کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف عوامی وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، عوامی نمائندہ حکومت ہی لوگوں کے مسائل سے باخبر ہوتی ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرتی ہے۔ یہی حکومت عوامی راحت کی حقیقی ضامن ہوتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی درجہ کی بحالی صرف سیاسی ضرورت ہی نہیں بلکہ انتظامی بہتری اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
فاروق عبداللہ نے کہا، عوام نے اپنے قیمتی ووٹوں کے ذریعے جس حکومت کو منتخب کیا، اس کو آزادانہ طور پر کام کرنے دینا جمہوریت کا تقاضا ہے۔نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ پارٹی اپنے تمام وعدوں پر کاربند ہے اور موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
انہوں نے گذشتہ دہائی کے دوران مختلف شعبوں میں آنے والی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت ریاستی اداروں کو از سرِ نو پٹری پر لانے کیلئے دلجمعی سے کام کر رہی ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفود کو یقین دلایا کہ نیشنل کانفرنس عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی اور جموں و کشمیر میں ایک پائیدار، شفاف اور جوابدہ حکومت کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انتظامی بہتری کے لیے ریاستی درجے کی بحالی ناگزیر: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
