عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی // ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی ندھی ملک کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (HADP) کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زراعت، باغبانی، حیوانات اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈی ڈی سی نے اجلاس کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو “دکش پورٹل” پر دستیاب تعلیمی مواد تک رسائی فراہم کریں تاکہ وہ جدید کاشتکاری طریقوں سے واقف ہو سکیں اور اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی ویڈیوز اور رہنمائی مواد کسانوں کے لیے نہایت مفید ہیں اور ان کی زیادہ سے زیادہ رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ندھی ملک نے زرعی محکموں اور بینکنگ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل کسانوں کو بروقت مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے بینکوں کو مستفید ہونے والوں کی فہرستیں متعلقہ افسران سے شیئر کرنی چاہیے تاکہ جلدی منظوری دی جا سکے۔ڈی ڈی سی ریاسی نے ایچ اے ڈی پی پورٹل پر جمع شدہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بیداری مہمات کو تیز کیا جائے، مزید کسانوں کو رجسٹر کرنے کے لئے فیلڈ وزٹس کئے جائیں، اور نچلی سطح پر عمل درآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔