عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں اسلامی ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر مسلم تنظیموں کی جانب سے جمعہ کی نماز کے بعد واقف ترمیمی بل کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔احتجاجی مظاہرین نے عیدگاہ راجوری میں جمع ہو کر واقف ترمیمی بل کے خلاف نعرے بازی کی اور اسے مسلم مخالف اور اقلیت دشمن قرار دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت ایک سیکولر ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں، لیکن ایسے بل ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقف ترمیمی بل کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ اگرچہ سپریم کورٹ نے اس بل کے کچھ پہلوؤں پر وقتی ریلیف دیا ہے، تاہم مسلم برادری کا مطالبہ مکمل طور پر اس بل کو منسوخ کرنے کا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ واقف ترمیمی بل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہو رہا ہے، اور صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ سکھ برادری اور سیکولر ہندو بھی اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں بھی اس بل کے خلاف مزید احتجاجات کیے جائیں گے تاکہ حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے اور اس متنازع بل کو واپس لیا جائے۔