عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر //میراث کے لحاظ سے کشمیر مالا مال ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میراث کی اہمیت اور اِس کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا بنیادی فرض بن جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ زندہ اور مہذب اقوام کی نشانی اپنے قدیم میراث کو محفوظ رکھنا ہے ۔
ڈاکٹر کمال نے مجاہد منزل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری سیاسی تاریخ میں زبردست اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہاں تحریک کشمیر سے متعلق فیصلے لئے جاتے تھے اور آئندہ حکمت عملی اپنائی جاتی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے علاوہ ہندوستان اور پاکستان کی قدآور شخصیتوں نے بھی اِس سیاسی دانشگاہ میں حاضری دی۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ انوکھی ہے جس کی خود یہاں کی قدیم عمارتیں، زیارتگاہیں اور عبادتگاہیں تصویر پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ حکومت میں قدیم مسجد ’’پتھر مسجد‘‘ کو گولہ بارود رکھنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا اور اِس سے خود بہ خود ڈوگرہ دور کی زیادتیوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پھر شہدائے کشمیر اور شیر کشمیر کے جانثار ساتھیوں نے زبردست جدوجہد شروع کرکے لوگوں کو ظالمانہ ڈوگرہ نظام سے نجات دِلایا۔
ڈاکٹر کمال نے نئی پود سے اپیل کی کہ وہ اپنے میراث کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور جانیں کہ کشمیر کی تاریخ کن کن مرحلوں سے گزری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت معرض وجود میں آئی سرکار جموں وکشمیر کے میراثوں کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، حکومت تمام خطوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی اور حکومت ہر اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے میں لگی ہوئی ہے جو انتخابات سے قبل لوگوں سے کئے گئے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ آبی پناہ گاہوں کی صحیح نگہداشت سے ہی ہم پانی کی رسائی حاصل کرنے میں خود کفیل بن سکتے ہیں اور ان آبی پناہ گاہوںکو آلودگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے کیونکہ جموں وکشمیر کے دریا یہاں کے عوام کے لئے بیش بہا خزانے ہیں ۔
کمال نے کہا کہ ہمارے آبشار ،جھیل اور دریائوں کی بدولت ہی ریاست میں سیاحوں کی بڑی تعداد وارد کشمیر ہوتی ہے لہٰذا ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم آبی پناہ گاہوں اور صدیوں کی میراث کا تحفظ کریں۔
انہوںنے کہا کہ جس قوم نے اپنی تہذیب،تمدن،رہن سہن ،کلچر اور خاص کر اپنی مادری زبان کو جاری نہ رکھا اور اس کے فروغ کیلئے بے توجہی سے کام لیا ،وہ قوم دنیا میں صف ہستی سے مٹ جاتی ہے۔
قدیم میراث کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری،عمر عبداللہ حکومت تمام خطوں کی یکساں ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی:ڈاکٹر کمال
