عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پونچھ ضلع میں ایک جھڑپ کے بعد فرار ہونے والے ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لیے جاری آپریشن جمعہ کو پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ اس دوران ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی والے علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک عملی منصوبہ تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی جو گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال کے دوران دوبارہ سامنے آئی ہے، اس خطے میں ایک حقیقت بنی ہوئی ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین توتی نے کہا، پونچھ ضلع کے لسانہ علاقے میں پولیس او ر فوج کا مشترکہ آپریشن جمعہ کو مسلسل پانچویں روز بھی جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ کاؤنٹر انسرجنسی فورس ’رومیو‘، پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ، اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دستے مشترکہ سرچ آپریشنز کر رہے ہیں، جنہیں کھوجی کتوں اور فضائی نگرانی کے آلات کی مدد حاصل ہے۔
پیر کے روز ضلع کے گاؤں لسانہ میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔آئی جی پی نے کہا کہ ضلع کو ملی ٹینسی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا، یہاں ملی ٹینسی ایک تلخ حقیقت ہے۔ یہ پچھلے ڈیڑھ دو سال میں دوبارہ سامنے آئی ہے۔توتی نے کہا کہ ملی ٹینسی سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پولیس فورس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ہم نے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن پہلے لسانہ میں ایک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک رابطہ میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں ایک عملی منصوبہ ترتیب دیا گیا۔مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی والے علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ ہم کارروائی کر رہے ہیں۔ آپ آئندہ دنوں میں اس کے نتائج دیکھیں گے ۔آئی جی پی نے کہا کہ دراندازی کے راستوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ انٹیلی جنس معلومات اور زمینی جائزے کی بنیاد پر آپریشنل حکمت عملیوں کو نئے سرے سے ترتیب دیا جا رہا ہے، اور نگرانی میں اضافہ کے ساتھ تمام ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی مزید مضبوط کی گئی ہے۔
توتی نے کہا کہ ملی ٹینٹ منتخب اہداف کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن سیکورٹی گرڈ مکمل طور پر چوکس، مضبوط اور ردعمل دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملی ٹینٹ خطے میں امن و سکون کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، مگر ان کا مقابلہ ایک اجتماعی کوشش سے کیا جائے گا۔
پونچھ سرچ آپریشن پانچویں روز میں داخل، سیکورٹی ایجنسیوں نے ملی ٹینٹوں کی موجودگی والے علاقوں کی نشاندہی کرلی
