عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اے ایس دُلت کی حالیہ کتاب “دی چیف منسٹر اینڈ دی اسپائی” میں لکھی ہر بات کو سچ مانتی ہیں، تو پھر انہیں دُلت کی پہلی کتاب میں ان کے والد کے بارے میں لکھی باتوں پر بھی وضاحت دینی چاہیے۔
عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، اگر محبوبہ جی دُلت صاحب کی لکھی ہر بات کو سچ مانتی ہیں، تو کیا ہمیں بھی ان کی پہلی کتاب میں ان کے والد کے بارے میں لکھی باتوں کو سچ مان لینا چاہیے؟
انہوں نے کہا، اگر ہم اسے سچ مان لیں، تو انہیں لوگوں کو یہ بات کیسے منوائیں گی، اس کا بھی جواب دینا چاہیے۔
عمر عبداللہ نے سابق را کے افسر پر الزام لگایا کہ وہ صرف کتاب بیچنے کے لیے متنازع مواد شائع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، اپنی کتاب کو بیچنے کے لیے دُلت صاحب کی عادت ہے کہ وہ سچ کے ساتھ نہیں چلتے۔
اپنی پہلی کتاب میں انہوں نے کسی کو نہیں بخشا، اور اس کتاب میں بھی انہوں نے فاروق صاحب کو نیچا دکھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے مزید کہا، کہتے ہیں جب ایسے دوست ہوں تو دشمنوں کی ضرورت ہی نہیں۔ آخرکار فاروق صاحب کو دُلت صاحب کی حقیقت معلوم ہو گئی ہے۔
اگر محبوبہ مفتی دُلت کی کتاب کو سچ مانتی ہیں تو وہ اپنے والد کے بارے میں لکھی باتوں کو بھی تسلیم کریں: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ
