عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//انڈیا کارپٹ ایکسپو کے 48 ویں ایڈیشن کا افتتاح ٹیکسٹائل کے وزیرگری راج سنگھ نے نئی دہلی میں ٹیکسٹائل وزارت کے اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں کیا ۔ تھیلو ہورسٹ مین، ڈوئچے میس اے جی، ہنور اور گیتا بشت، سی ای او، ہینوور میلانو فیئرز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ، ممبئی نے بھی انڈیا کارپٹ ایکسپو کا دورہ کیا اور 2026 میں ڈوموٹیکس انٹرنیشنل ٹریڈ شو میں CEPC کی شرکت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ کلدیپ راج واٹل، چیئرمین، سی ای پی سی نے بتایا کہ اس 4 روزہ ایکسپو میں 45 ممالک سے 220 خریدار اور 130 خریداروں کے نمائندے شامل ہوئے۔ایکسپو کا دورہ کرنے والے خریدار ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب تمام نئے ڈیزائن اور تخلیقات کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور تمام خریداروں نے کہا کہ یہاں انڈیا کارپٹ ایکسپو میں ان کی توقعات پوری ہوئیں۔کونسل نے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور بیرون ملک مقیم ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کے خریداروں کے درمیان ہندوستانی ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کے کاریگروں کی بْنائی کی مہارت کو ظاہر کرنے کے مقصد سے انڈیا کارپٹ ایکسپو کا انعقاد کیا۔کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل نے 159 معروف چھوٹے، درمیانے اور بڑے صنعت کار برآمد کنندگان کی مصنوعات کی نمائش کی۔