عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو پاکستان کو ایک “ناکام ریاست” قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پڑوسی ملک جموں و کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک میں جاری سنگین داخلی بحرانوں سے تو نمٹنے سے قاصر ہے، لیکن وہ پھر بھی دہشت گردوں کو بھیج کر جموں و کشمیر میں معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔ٓان باتوں کا اظہار موصوف نے بدرواہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا”جب بھی جموں و کشمیر میں امن قائم ہونے لگتا ہے، ہمارے ہمسایہ ملک کے پیٹ میں درد شروع ہو جاتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس، سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ مشترکہ طور پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں، لیکن پاکستان اپنی سازشوں سے باز نہیں آ رہا۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو چاہیے کہ وہ امن دشمن عناصر کی نشاندہی کریں اور پولیس کو اطلاع دیں تاکہ سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی قوتوں کا بروقت قلع قمع کیا جا سکے۔
ان کے مطابق”امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ بدقسمتی سے معاشرے میں کچھ ایسے عناصر بھی موجود ہیں جو دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں یا ان کی سرگرمیوں میں سہولت کاری کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ قوم سے غداری کے مترادف ہے۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی حمایت سے گریز کریں اور ان کے خلاف فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کریں۔”میرا پیغام واضح ہے: بے گناہوں کو ہاتھ نہ لگائیں، لیکن قصورواروں کو ہرگز نہ چھوڑیں۔
پاکستان جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے: منوج سنہا
