عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سابق را چیف اے ایس دولت کی نئی کتاب “دی چیف منسٹر اینڈ دی اسپائی” وادی کشمیر میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کر رہی ہے، خاص طور پر سری نگر میں جہاں کتاب خریداروں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔سری نگر کے کتاب مارکیٹ میں اس کتاب کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔سری نگر کے معروف کتب فروش کے مطابق، جیسے ہی کتاب دستیاب ہوئی، لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی اور ابتدائی چند گھنٹوں میں درجنوں کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا، اس کتاب کے حوالے سے پورے ملک میں بحث جاری ہے، لیکن وادی کشمیر کے قارئین کی دلچسپی غیر معمولی ہے۔ لوگ خاص طور پر فاروق عبداللہ سے متعلق انکشافات کے سبب کتاب لینے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ اسٹاک تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ ایک یا دو روز میں مکمل طور پر فروخت ہو جائے گا۔
کتاب میں کیے گئے دعووں نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے، خاص طور پر اس بیان کے بعد کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دفعہ 370 کی منسوخی پر “ذاتی طور پر رضامندی” ظاہر کی تھی۔اے ایس دولت کی کتاب نے نہ صرف سیاسی میدان میں بحث چھیڑ دی ہے بلکہ عام قارئین میں بھی بے حد تجسس پیدا کر دیا ہے، جس کا عملی مظاہرہ سری نگر میں اس کی فروخت سے واضح ہے۔
سری نگر میں اے ایس دولت کی کتاب کی دھوم، چند گھنٹوں میں درجنوں کاپیاں فروخت
