محمد تسکین
بانہال//بانہال ۔ رام بن سیکٹر میں بدھ کی دوپہر بعد سے موسم تبدیل ہوگیا اور بادلوں اور تیز ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا شروع ہوا سلسلہ رک رک کر شام تک جاری تھا۔ اس دوران بانہال کے کچھ علاقوں میں ہلکی ژالہ باری بھی ہوئی تاہم گول کے اوپری علاقوں میں شدید ژالہ باری کی اطلاعات ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کیلئے مختلف علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی رکھی ہے ۔اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم بانہال اور رام بن ۔ ناشری سیکٹر میں ہلکی پھلکا ٹریفک جام بھی رہا اور گاڑیوں کی رفتار سست روی کا شکار رہی ۔ ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی صبح سے شاہراہ پر دونوں طرف کے مسافر ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال ڈھونے والے ٹرکوں اور ٹینکروں کو وادی کشمیر سے جموں جانے کی اجازت تھی اور بارشوں کے باوجود شام تک ٹریفک رواں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کام کی وجہ سے کچھ وقت تک بند رہنے کے بعد بانہال قصبہ سے چھوڑے جانے والا ایک طرف کا ٹریفک واپس بانہال بائی پاس پر موڑ دیا گیا اور بانہال بائی پاس کی دونوں ٹیوب سے ٹریفک چل رہا ہے ۔