شاہ نواز
مہور//بدھ کے روز تحصیل مہور میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دوپہر کے بعد شدید بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے نتیجے میں علاقہ شدید متاثر ہوا۔ موسم کی شدت اس قدر تھی کہ ضلع ریاسی کے دمنی گاؤں میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس سے دو دکانیں، ایک رہائشی مکان اور ایک الٹو کار مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
تاہم، خوش قسمتی سے اس قدرتی آفت میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مالی نقصان کا تخمینہ ضرور لگایا جا رہا ہے، جس پر انتظامیہ کی گہری نظر ہے۔علاقہ بدھل مہور تا گول گریف روڈ پر کام کر رہی ایس جی آئی کمپنی کی سڑک کٹینگ بھی اس آفت کے دوران عوام کے لئے ایک نئی مصیبت بن کر سامنے آئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق کمپنی نے پورے بگہ علاقے میں سڑک کی کٹینگ کر کے نالیاں، کلوٹ اور چھوٹے پلوں کو بلاک کر دیا ہے، جس کی وجہ سے بارش کا پانی سڑک پر جمع ہو کر آس پاس کے رہائشی گھروں میں داخل ہو گیا۔بگہ کے مکینوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر خواتین، بزرگوں، بچوں اور راہگیروں کو۔ سکول جانے والے بچوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پانی کے بہاؤ کی وجہ سے آمدورفت کا نظام درہم برہم ہو گیا۔مقامی لوگوں نے ایس جی آئی کمپنی پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کٹینگ کے دوران نکاسی آب کا مناسب بندوبست نہیں کیا گیا، جس کے باعث بارش نے ان کے لئے قیامت کا منظر پیش کیا۔انہوں نے مہور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس جی آئی کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانیوں سے بچا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ٹیم روانہ کر دی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔