سمت بھارگو
راجوری//راجوری سے پونچھ جانے والی جموں راجوری پونچھ نیشنل ہائی وے کا ایک اہم حصہ بدھ کے روز اْس وقت کئی گھنٹوں تک بند رہا جب ایرون کھیترعلاقے میں ایک خوفناک لینڈ سلائیڈ ہوئی، جو راجوری قصبے سے تقریباً چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس مقام پر ہائی وے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام جاری تھا، اور بدھ کی شام دیر گئے لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں مٹی اور پتھروں کا بھاری ملبہ سڑک پر آ گرا، جس کی وجہ سے ہائی وے مکمل طور پر بند ہو گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ’یہ سب کے لئے خوش قسمتی کی بات رہی کہ حادثے کے وقت کوئی بھی گاڑی لینڈ سلائیڈ کے مقام پر موجود نہیں تھی۔ دو گاڑیاں صرف چند سیکنڈ قبل ہی وہاں سے گزری تھیں۔حادثے کے فوراً بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے موقع پر پہنچ کر سلائیڈ صاف کرنے اور سڑک کو بحال کرنے کا کام شروع کیا۔ مسلسل تین گھنٹے کی محنت کے بعد ملبہ ہٹایا گیا اور سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا۔اس دوران دونوں طرف سے آنے اور جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متاثرہ علاقے میں ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کے افسران موجود رہے اور بحالی کے کام کی نگرانی کرتے رہے۔حکام کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بھی اس علاقے میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ رہتا ہے، اس لئے مقامی لوگوں اور مسافروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔دوسری جانب مقامی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی وے کی توسیعی کام کے دوران حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔