عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وَن سٹاپ ہیلتھ کیئر سلوشن اِی۔صحت ایپ کا آغاز کیا جو شہریوں ، ڈاکٹروں اور طبی پیشہ ور اَفراد سمیت جموں و کشمیر کے لوگوں کی صحت ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ایپ کو مزید صارف دوست بنانے کی تجویز دی اور اِس میں اِضافی خصوصیات شامل کرنے پر زور دیا جس میں نجی تسلیم شدہ طبی اِداروں کے اپائنٹمنٹ سسٹم کا انضمام بھی شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ عملے کے لئے باقاعدہ ورکشاپوں کے ذریعے عملی تربیت کا اِنعقاد کریں تاکہ وہ ایپ سے بخوبی واقف ہو سکیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ایک بار عملے کی تربیت کے بعدعوام کو ایپ اور اِس کے فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے بیداری مہم شروع کی جا سکتی ہے۔‘‘اُنہوں نے ایپ کے مؤثر عمل آوری اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ جائزہ میٹنگوںکی تجویز دی جن میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ہفتہ وار جائزہ لیں گے جبکہ چیف سیکرٹری کی طرف سے ماہانہ اور وزیر صحت کی طرف سے سہ ماہی سطح پر ایپ کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم سیّد عابد رشید شاہ نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی جس میں ایپ کے مقاصد، اِس کا اِستعمال اور ہدف صارفین پر روشنی ڈالی گئی۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ یہ جدید ترین ڈیجیٹل ایپلی کیشن مریضوں اور ان کی تیمارداروں کو جموں و کشمیر میں عوامی اور نجی شعبوں میں صحت سہولیتوں اور خدمات تک رَسائی میں رہنمائی اور مدد فراہم کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ صحت ایپ ایک سمارٹ اِی۔ہیلتھ سلوشن ہے جو ٹیلی تشخیص اور ابتدائی رائے (فرسٹ اوپینین) کی سہولیت فراہم کرتی ہے۔ اسے گھروں، دفاتر یا ہسپتالوں سے اِستعمال کیا جا سکتا ہے بالخصوص دُور دراز علاقوں کے لئے مفید ہے۔ ایپ کا دائرہ کار عام شہریوں، مریضوں، پیشہ ور اَفراد، طبی طلبأ اور میڈیکل و پیرا میڈیکل کورسوں کے خواہشمندوں سمیت صارفین کی ایک وسیع رینج کی خدمات کرتی ہے۔صحت ایپ صحت تک رسائی اور فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کئی خصوصیات فراہم کرتی ہے جن میں ڈاکٹروں کی دستیابی، اپائنٹمنٹ بُکنگ، تشخیصی اور جراحی سہولتیں، ٹیلی۔کنسل ٹیشن ، ٹیلی۔میڈیسن اور ایمرجنسی کیئر شامل ہیں۔ یہ ایپ عوام کے لئے صحت سے متعلق بیداری، بیماریوں کی روکتھام، اے آئی پر مبنی علامات چیکر، صحت کی نگرانی، دوا کی یاددہانی، پہننے والے آلات سے اِنضمام اور کثیر لسانی سپورٹ فراہم کرتی ہے۔ایپ میں پیشہ ور اَفراد کے لئے محفوظ پیغام رسانی، الیکٹرانک ہیلتھ ریکارڈز (اِی ایچ آر) تک رسائی، نسخہ اور بلنگ مینجمنٹ، لیبارٹری نتائج کا انضمام، تعلیمی وسائل اور تحقیقی مواقع شامل ہیں۔طبی طلبأکے لئے تعلیمی کورسوں، ہوسٹل سہولتیں، لائبریری اور طلبأ کے تبادلہ پروگراموں کی معلومات دستیاب ہیں۔ مزید برآں ،ایپ میں ہسپتال کی مدد ، ایمبولینس کی معلومات اور فیڈ بیک میکانزم کے لئے ہیلپ لائن خدمات شامل ہیں۔ یہ مریضوں کی بروقت منتقلی اور ایمرجنسی سپورٹ کے لئے ہسپتالوں کے نیٹ ورکنگ کے ذریعے ایک مربوط ریفرل میکانزم فراہم کرتا ہے۔ اِس میںپی ایم جے اے وائی، سی جی ایچ ایس اور اِی سی ایچ ایس جیسے ہیلتھ اِنشورنس سکیموں کی مکمل معلومات بھی موجود ہیں۔ اِس کے علاوہ یہ سی پی آر اور بنیادی لائف سپورٹ( بی ایل ایس)تربیت، ورکشاپوں اورمختلف جاری تعلیمی پروگراموں کے ذریعے مہارتوں کی ترقی کو فروغ دیتی ہے۔سیکرٹری موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ صحت ایپ کا مقصد مریضوں، صحت کے ماہرین اور بیمہ دہندگان کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا، مؤثر رابطے کو فروغ دینا اور صحت سہولیتوں تک آسان رَسائی کو ممکن بنانا ہے۔