عظمیٰ ڈیب ڈیسک
سرینگر/سرینگر کے ڈلگیٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ شخص کی سی ڈی اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث موت واقع ہوگئی۔ اس حوالے سے اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
متوفی رفیق احمد کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ بدھ کی صبح جب رفیق احمد کو سینے میں درد محسوس ہوا تو وہ چیک اپ کے لیے سی ڈی اسپتال گئے۔اہل خانہ کے مطابق اسپتال میں موجود ڈاکٹر نے انہیں مناسب علاج فراہم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، جب ہم رفیق کے لیے بہتر علاج کی کوشش کر رہے تھے تو ڈاکٹر نے ہمارے ساتھ بدسلوکی کی،مزید یہ بھی الزام لگایا کہ مریض کے انتقال کے بعد ڈاکٹر وارڈ سے فرار ہوگیا۔
اہل خانہ نے اس واقعے کی تحقیقات اور متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کے اعادہ کو روکا جائے۔دریں اثنا، سی ڈی اسپتال سرینگر کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
افسر نے مزید کہاتحقیقات جاری ہیں اور اگر کوئی غفلت ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
مبینہ طبی لاپرواہی کے باعث سی ڈی اسپتال میں مریض کی موت
