محمد تسکین
بانہال // ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے لیڈروں کی طرف سے بانہال میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی قیادت والی ڈی پی اے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر آصف کھانڈے ، ایڈوکیٹ نبیل خالد ، عبد الغنی وانی اور مولوی غلام نبی موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے نوجوان لیڈر اور غلام نبی آزاد کے قریبی سمجھے جانے والے ڈاکٹر آصف کھانڈے نے کہا کہ غلام نبی آزاد کی طرف سے تمام کمیٹیوں کی تحلیل کرنے کا فیصلہ غلام نبی آزاد سے جڑے تمام لیڈروں سے صلاح مشورے کے بعد لیا گیا اور پارٹی کے تمام لیڈروں اور کارکنوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔ڈاکٹر آصف کھانڈے نے کہا کہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی طرف سے نئی کمیٹیاں جلد ہی تشکیل دی جا رہی ہیں اور نئی کمیٹیوں میں نئے چہروں اور نوجوانوں لیڈروں کو شامل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کی قیادت میں ڈیموکریٹک آزاد پارٹی عوامی خدمات اور راحت کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں نے ڈی پی اے پی کو اے ٹیم اور بی ٹیم کا ٹیگ لگا کر اس کی عوامی مقبولیت کو نقصان پہنچایا ہے اور آج وقت نے ثابت کر دیا کہ وہی جماعتیں خود ان ٹیموں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد نے اپنے مختصر وقت میں وزیر اعلیٰ کے طور جو تعمیر وترقی کے کام انجام دیئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے اور ریاست جموں و کشمیر خصوصاً وادی چناب اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تعمیر وترقی کا یہ دور سنہری دور سے یاد کیا جائیگا۔