جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر سب ڈویژن کے عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ تاریخی مغل روڈ کو تین ماہ کی طویل بندش کے بعد آخرکار ایک طرفہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ پیر کے روز درجنوں گاڑیاں پیر گلی کو عبور کرتے ہوئے شوپیاں کی جانب روانہ ہوئیں، جس سے خط پیر پنجال کے دونوں طرف بسنے والے عوام نے راحت کا سانس لیا ہے۔مغل روڈ، جو جموں و کشمیر کے پونچھ، راجوری اور شوپیاں اضلاع کو جوڑتی ہے، برفباری اور موسم کی خرابی کے باعث گزشتہ تین ماہ سے بند تھی، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو نہ صرف سفری مشکلات کا سامنا تھا بلکہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی تھی۔عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ذاتی طور پر معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے انتظامیہ کو متحرک کیا اور سڑک کو بحال کرایا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ مغل روڈ خطے کی لائف لائن ہے اور اس کی بندش سے لوگوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مغل روڈ کو ہر ممکن طریقے سے سال بھر کھلا رکھنے کے اقدامات کئے جائیں، تاکہ مستقبل میں ایسی پریشانیوں سے بچا جا سکے۔