عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// موسمیاتی مرکز سرینگر نے منگل کو جموں و کشمیر میں 18 اپریل کے بعد درمیانی سے بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم اگلے دو روز یعنی 17 اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق، 15 سے 17 اپریل تک موسم “عموما خشک” رہے گا۔ 18 سے 20 اپریل تک خطے میں موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔محکمہ نے مزید کہا کہ 18 اور 19 اپریل کو 18 اپریل کی شام کے بعد گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ ” الگ تھلگ اور بکھرے ہوئے مقامات پر درمیانی سے بھاری بارش ہوسکتی ہے”۔منگل کوجاری کی گئی پیشین گوئی کے مطابق 21 اپریل کو موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔22 اور 23 اپریل کو موسم بہتر ہونے کی توقع ہے، باقی زیادہ تر خشک رہے گا۔ 26 اور 27 اپریل کو ابر آلود حالات واپس آنے کے امکانات ہیں۔اپنی ایڈوائزری میںمحکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 18-20 اپریل کے دوران گیلے موسم کی وجہ سے، خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کا امکان ہے۔کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 17 اپریل تک اپنے فارم کا کام جاری رکھیں۔دریں اثنا منگل کو وادی کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ دیکھا گیا او اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا۔سرینگر میں منگل کو دن کا درجہ حرارت 30.4درج کیا گیا۔پلوامہ میں 28.9،اننت ناگ28.2،کولگام میں 27.7،بڈگام میں 28.9، بارہمولہ میں 29.0،گاندربل28.5،بانڈی پورہ میں 26.9،کپوارہ میں 27.1اورپہلگام میں 25.4ریکارڈ کیا گیا۔