عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں و کشمیر شہداء ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل منگل کو چوگان گراؤنڈ کشتواڑ میں حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منعقد ہوا۔اس ٹورنامنٹ کا انعقاد سوک ایکشن پروگرام کے تحت ان شہداء کی یاد میں کیا گیا جنہوں نے قوم کے لیے عظیم قربانیاں دیں جس کا مقصد نوجوانوں میں کھیل، نظم و ضبط اور دوستی کو فروغ دینا تھا۔اس سال ریکارڈ توڑ 109ٹیموں، جن میں لڑکیوں کی 3ٹیمیں شامل تھیں،نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ فائنل میچ اسراریہ کرکٹ کلب و کشتواڑ واریئرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں اسراریہ کرکٹ کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 77رنز کے مارجن سے فتح حاصل کی۔اس تقریب میں بڑے پیمانے پر عوامی ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا جس میں شہداء کے والدین ، ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں اور عام عوام شامل تھے ۔ایس ایس پی کشتواڑ جاوید اقبال میر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ساتھ ایڈیشنل ایس پی پون شرما ایس ڈی پی او مڑواہ ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر اور سی اے پی ایف اور محکمہ پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے اپنے خطاب میں ہمارے شہیدوں کی یاد میں اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کی توانائی کو کھیلوں اور قوم سازی کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ مہمان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ جیتنے والی ٹیم کو 50,000ہزارجبکہ رنر اپ ٹیم کو 25,000دیےگئے۔ بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے انفرادی ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔