اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل کے گاؤں چالر میں گذشتہ شب آگ کی بھیانک واردات میں 4منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے بالائی 2منزلیں مکمل طور خاکستر ہوئی ہیں جس میں 4دوکانیں بھی شامل ہیں۔اس دوران ایک موٹر سائیکل و سیکوٹی سمیت 6گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔آگ کی ہولناک واردات میں لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ۔ذرائع کے مطابق گذشتہ شب چالر گاؤں عبدالغنی ولد علیا ملک ساکنہ چالر کی 4منزلہ عمارت سے اچانک آگ نمودار ہوئی اور کچھ ہی دیر میں پوری عمارت میں پھیل گئی۔اس دوران مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم آگ کی اس بھیانک واردات میں 4دوکانیں و بالائی دو منزلیں مکمل طور پر خاکستر ہوئیں اور عمارت کے نیچے حصے کو جزوی نقصان پہنچا۔آگ کی ہولناک واردات سے ایک سیکوٹی و موٹرسائیکل جال کر رکھ ہوئے جبکہ دو آلٹو، ایک بلیرو و ایک ایکو گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔اس دوران فائر بریگیڈ گاڑی بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اور آگ بجھانے میں مقامی لوگوں کی مدد کی۔علاقہ کے سیاسی و سماجی کارکن عبدالمجيد راہی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ کی ہولناک واردات سے غریب کنبے اجڑ گئے ہیں۔انہوں نے حکام سے متاثرہ کنبوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی مانگ کی ہے۔