عشرت حسین بٹ
منڈی// ٹریفک قوانین کی پاسدار اور ٹریفک کی نقل و حمل کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے منڈی میں ایس او ٹریفک ریاض منہاس کی سربراہی میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ منڈی تحصیل کی سڑکوں پر روزانہ گاڑیاں چالانے والے ڈرائیوروں کے ساتھ بس اڈہ منڈی میں ایک جانکاری مہم چلائی گئی جس دوران ٹریفک آفسران کی جانب سے لوگوں اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کو کہا گیا ۔اس موقع پر ایس او ٹریفک منڈی ریاض منہاس نے آٹو ٹاٹا سومو اور مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں اتنے ہی مسافروں کو سوار کریں جتنی سواریاں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ان کے کاغذات پر پاس کی گئی ہیں۔ انہوں نے عام لوگوں اور خصوصی طور پر نوجوانوں سے کہا کہ جب بھی وہ موٹر سائیکل کا سفر اختیار کریں وہ ہیلمنٹ پہن کر اور تمام تر کاغذات کے ساتھ سڑکوں پر موٹر سائیکل چلائیں ۔انہوں نے کہا کہ جتنے بھی لوگ اپنی نجی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں وہ اپنی جان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عوامی جانوں کا بھی خیال رکھیں۔ ایس او ٹریفک کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔ اس کے خلاف قانون کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ایسی مسافر گاڑیوں میں سفر کریں جن میں مسافروں کو کھڑے ہو کر سفر نہ کرنا پڑے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس ہمیشہ عوام کی بہبود اور ان کے جان کی حفاظت کے لئے چوبیسیوں گھنٹوں دستیاب ہے ۔انہوں نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ گاڑی چلانے والے اور مسافر ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے اپنی جان مال کی حفاظت کرکے کسی بھی سڑک حادثہ ہونے سے محفوظ رہیں گے۔