بلال فرقانی
سرینگر// شہر کے زونی مرڈار محلہ، وارڈ نمبر 6 اور ٹینگہ پورہ میں نکاسی آب کا نظام انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گلیوں میں گندے پانی کی وجہ سے بدبو اور ناقص صفائی کے باعث نہ صرف عوامی زندگی متاثر ہے بلکہ صحت کے سنگین خطرات بھی منڈلا رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن نے چند برس قبل نالیوں کی تعمیر کا کام شروع کیا تھالیکن بعد میں یہ کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ تب سے اب تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور یوں یہ علاقہ انتظامی غفلت کی مثال بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نالیاں بار بار بند ہو جاتی ہیں، گندہ پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے، جس سے پورا محلہ بدبو اور گندگی میں ڈوب جاتا ہے۔طلباء ، خواتین، بزرگ شہریوں اور مریضوں کیلئے روزمرہ چلنا پھرنا ایک تکلیف دہ عمل بن چکا ہے۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ بارشوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے، جب گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں۔ بچوں کا سکول جانا مشکل ہو جاتا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنا محال ہو جاتا ہے۔مقامی بزرگ شہری عبد الخالق دیوا نے کہا کہ انہوں نے کئی بار سرینگر میونسپل کارپوریشن کو درخواستیں دیں، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ لوگوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنجیدہ مسئلے پر فوری توجہ دیں اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔